بنگلور:13/دسمبر(ایس او نیوز /آئی این ایس انڈیا)مرکزی تفتیشی بیورو نے منسوخ کئے جا چکے 500اور 1000روپے کے نوٹوں کو غیر قانونی طریقے سے نئے نوٹوں میں تبدیل کرنے کے دو الگ الگ مقدمات میں ریزرو بینک کے ایک افسر اور جد(سیکولر)لیڈر اور بار مالک کے سی وریندر کو گرفتار کیا ہے۔بنگلور میں واقع ریزرو بینک آف انڈیا کے افسر کے مائیکل کو سی بی آئی نے گرفتار کیا ہے۔اسے 1.51کروڑ روپے کے پرانے نوٹوں کو نئے نوٹوں سے مبینہ طور پر تبدیل کرنے کی کوشش کرنے کے دوران گرفتار کیا گیا۔سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ آر بی آئی میں سینئر معاون خصوصی کے طور پرکام کررہے مائیکل کو گزشتہ ہفتے گرفتار کیا گیا۔ایجنسی نے انکم ٹیکس محکمہ کی طرف سے ایک بار مالک کے باتھ روم سے نئے نوٹوں میں 5.70کروڑ روپے ضبط کرنے کے ایک الگ معاملے میں وریندر کو بھی گرفتار کیا ہے۔سی بی آئی کے ایک سینئر افسر نے آج کہا کہ ہم نے کے سی وریندر کو گرفتار کیا ہے،اس کو 10دسمبر کو ہبلی میں گرفتار کرکے بنگلور لایا گیا اور اسے سی بی آئی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا،وہ گزشتہ چھ دنوں سے ہماری حراست میں ہے۔